اسلام آباد (پی این آئی ) سینیٹ نے فوج اور سکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پرمبنی پروپیگینڈا کرنے والوں کو سخت سزا دینے کی قرارداد منظور کرلی۔
سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹربہرمند خان تنگی نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فوج اور سکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پرمبنی پروپیگینڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔قرارداد کے متن کے مطابق فوج اور سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے دی گئی قربانیوں کا ادراک کرتے ہیں، دشمن ہمسائیوں کے ہوتے ہوئے مضبوط فوج اور سکیورٹی ایجنسی ناگزیر ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرپاک فوج کےخلاف بدنیتی پرمبنی پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پروپیگنڈے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کے اقدامات کرے اور فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے کو سخت سزا دی جائے۔ایوان نے سینیٹربہرمند خان تنگی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی جبکہ تحریک انصاف کے ارکان نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں