منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 425 کلو منشیات برآمد، خاتون سمیت 7 گرفتار

لاہور (آئی این پی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 10 کارروائیوں میں 425 کلو منشیات برآمد کر کے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر 2مسافروں کے ٹرالی بیگ سے ڈھائی کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے ۔کراچی میں کوریئر آفس سے برطانیہ کے لیے بک پارسل سے 3کلو ہیروئن اور 240گرام آئس برآمد ہوئی ۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ ٹی چوک راولپنڈی میں 1 کلو 40 گرام ہیروئن اور سوا کلو آئس برآمد کر کے خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے قریب رکشہ میں چھپائی گئی 66کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ، سپر ہائی وے پر دو انورٹرز میں چھپائی گئی 32کلو 400گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ جناح کالونی کے قریب ایک شخص کے بیگ سے 9کلو 600گرام چرس برآمد ہوئی ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نوشکی روڈ پر مستونگ کے ایک مکان سے 100کلو چرس اور 200کلو افیون برآمد ہوئی ہے، اس کے علاوہ زخہ خیل خیبر کے علاقے میں چھپائی گئی 9کلو چرس اور طورخم کے غیر آباد علاقے سے 690گرام آئس برآمد کی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں