پی ٹی آئی قومی و صوبائی اسمبلی کے کتنے حلقوں میں امیدوار کھڑے کر ے گی؟ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کریگی۔تحریک اانصاف کی کورکمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا قیدِ ناروا میں عظمت، جرات، بہادری اور استقامت کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ا علامیہ میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف اپنی قوم کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد، مزاحمت، بالغ نظری، الوالعزمی اور استقامت کا استعارہ ہیں، بغیر کسی قانونی جواز کے محض ریاست کے ننگے انتقام کا نشانہ بنتے ہوئے کم و بیش سو روز سے جیل میں قید ہیں چیئرمین تحریک انصاف کے استقامت میں لغزش کے کوئی آثار نہیں ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کی جواں ہمتی، ثابت قدمی اور اپنی قوم کی حقیقی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عزمِ مصمَّم 24 کروڑ پاکستانیوں کیلئے ہمت و حوصلے کا وسیلہ بن رہا ہے،اپنی چوری، ذاتی مفادات اور گھٹیا سیاست بچانے کیلئے ریاست سے سمجھوتوں کی بھیک مانگنے، معافی ناموں سے منہ کالا کرکے باہر بھاگنے اور این آر اوز کی چھتری لیکر واپس آنے والے بے حمیت کرداروں کی سیاست کو عوام پیروں تلے روند چکے ہیں،ریاستی جبروفسطائیت کی کوئی مقدار تحریک انصاف کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے سے نہیں روک سکتی۔ کور کمیٹی تحریک انصاف کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی نڈر قیادت کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کا ہر قسم کے ریاستی ظلم و جبر کے باوجود قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہر حلقے میں اپنا امیدوار نامزد کرے گی، بے گناہ چیئرمین پی ٹی آئی انتخاب سے قبل جیل سے رہا ہوکر اس تاریخی انتخاب میں اپنی قوم کی قیادت کریں گے، کورکمیٹی تحریک انصاف کہ علامیہ میں کہا گیا کہ ریاست نے اپنی کٹھ پتلیوں کے عبرتناک انجام سے خوفزدہ ہو کر انہیں ماورائے قانون انداز میں قید میں رکھا تو چیئرمین پی ٹی آئی جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے اپنی قوم کی قیادت کریں گے ۔کورکمیٹی کی جانب سے انتخابات سے قبل تحریک انصاف کے قائدین، کارکنان کے خلاف پرتشدد ریاستی کارروائیوں اور پرامن سیاسی سرگرمیوں کیخلاف غیرقانونی فسطائی اقدامات میں شدت کی شدید مذمت کی گئی ۔

کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ بدترین ریاستی مداخلت، ناہموار انتخابی میدان اور دھاندلی سے کروائے گئے انتخابات کو قوم تسلیم کرے گی نہ دنیا میں اسے کوئی حیثیت حاصل ہوگیانتخاب کی تاریخ کے تعیّن کے بعد تحریک انصاف کو انتخاب کی دوڑ سے جبراً باہر کرنے اور اسے لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم کرنے کی قابلِ مذمت کوششیں قوم اور دنیا کے سامنے زیادہ نمایاں ہوئی ہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان دھاندلی کی سیاہی اپنے چہرے پر ملنے سے گریز کرے جبکہ عدالتِ عظمیٰ ریاستی مشینری کے سر پر جھْرلو انتخاب کے سوار بھوت کا نوٹس لے، کورکمیٹی کی جانب سے پہلے پی ڈی ایم اور اب نگران حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی پر وائیٹ پیپر کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی ،پاکستان تحریک انصاف کی معاشی ٹیم گزشتہ 20 ماہ کے دوران ملکی معیشت کی ناقابلِ تصوّر تباہی پر باضابطہ وائیٹ پیپر جاری کرے گی ،وائٹ پیپر میں نالائقوں، نااہلوں اور مجرموں کے معیشت کے ساتھ سنگین کھلواڑ کی داستان تفصیلات اور اعداد و شمار کے ساتھ قوم کے سامنے رکھی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں