آصف زرداری نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم ترین تجویز دے دی

اسلام آباد (آئی این پی)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے لیفٹیننٹ کرنل اور 3 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمدحسن حیدر اور دیگر جونواں کے لئے بلندی درجات کی دعا کی، انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے تیراہ میں وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک کے امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا، شہدا قوم کے اصل ہیرو اور وطن عزیز کی شان ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک رفیق خان، نائیک خوشدل خان اور لائس نائیک عبدالقادر کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں ہونے دے گی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ دھرتی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے۔سابق صدر نے شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں