لاہور ( آئی این پی) لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں اتوار کے روز مسیحی عباداتی دعائیہ پروگراموں کے باعث پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیا تھا ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایس پیز، سپروائزری افسران نے گرجا گھروں، اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کی جبکہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے ۔
آئی جی کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیموں نے گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جبکہ تعینات پولیس افسران اور جوان الرٹ رہے ۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اورحساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں، علما کرام، مسیحی کمیونٹی، امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے لئے میثاق سنٹرز قائم کئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں