سری لنکا کی انگلینڈ کیخلاف فتح کے بعد قومی ٹیم کیلئے ایک اور بُری خبر

بنگلورو (پی این آئی) سری لنکا کے ہاتھوں انگلینڈ کی بدترین شکست نے پاکستان کا بھی نقصان کر دیا، ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹاپ 5 ٹیموں کی فہرست سے بھی باہر ہو گیا، لنکن لائنز نے اپنی پوزیشن بہتر کر لی۔

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد سری لنکا کے ناصرف پوائنٹس میں اضافہ ہو گیا، ساتھ ساتھ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر ہو گیا۔بنگلور میں انگلینڈ کیخلاف فتح حاصل کرنے کے بعد اب سری لنکا 4 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آ گئی، جبکہ پاکستان چھٹی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم ایک بار پھر لڑکھڑا گئی، اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔جونی بیرسٹو 30 جبکہ ڈیوڈ ملان 28 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 15، جو روٹ 3، کپتان جوز بٹلر 8، لیام لیونگسٹن 1 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ آدھی انگلش ٹیم محض 85 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، بین سٹوکس نے بڑے سکور کی تھوڑی امید دلائی پر وہ بھی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ ولی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پوری انگلش ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، انجیلو میتھوز،کسون رجیتھا نے 2،2 وکٹیں لیں جبکہ تھکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا نے 83 گیندوں پر 77 رنز بنائے،ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ سدیرا وکراما 54 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کوشل مینڈس 11 اور کوشل پریرا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے آئی لینڈرز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر میگا ایونٹ میں ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ ہیری بروک، اٹکنسن، ریس ٹوپلی کو آرام کروایا گیا ہے۔اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ جیت تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انگلینڈ کے سکواڈ میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل تھے۔ سری لنکا کا سکواڈ کپتان کوشل مینڈس، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا اور لاہیرو کمارا پر مشتمل تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں