لاس اینجلس: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے شریک ملکیتی نائٹ رائیڈرز گروپ نے امریکا میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم قائم کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
لاس اینجلس میں تعمیر کیے گئے نئے کرکٹ گراؤنڈ میں پہلی بار میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کا میچ کھیلا گیا، جہاں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کا مقابلہ واشنگٹن فریڈم سے ہوا۔
نائٹ رائیڈرز کرکٹ گراؤنڈ کو صرف ایک اسٹیڈیم نہیں بلکہ لاس اینجلس میں کرکٹ کے مستقل مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ میدان میں آٹھ وکٹوں پر مشتمل مین اسکوائر، آئی سی سی کے معیار کے مطابق گراؤنڈ کی پیمائش اور 120 فٹ بلند چھ فلڈ لائٹ ٹاورز نصب کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 32 ہزار میٹرک ٹن سے زائد مٹی منتقل کی گئی۔
شاہ رخ خان نے اس موقع پر کہا کہ برسوں پہلے دیکھا گیا خواب آج حقیقت بن چکا ہے۔ ان کے بقول اس منصوبے کا مقصد صرف کرکٹ میچز کا انعقاد نہیں بلکہ ایسا مقام فراہم کرنا ہے جہاں کھیل، تفریح، خاندان اور کمیونٹی ایک ساتھ جڑ سکیں۔
نائٹ رائیڈرز اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وینکی میسور نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کرکٹ کے عالمی فروغ کے لیے ناگزیر ہے اور یہ منصوبہ گروپ کی عالمی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
واضح رہے کہ نائٹ رائیڈرز گروپ اس وقت تین براعظموں میں چار فرنچائزز کا مالک ہے، جن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، ٹرِنباگو نائٹ رائیڈرز، ابوظبی نائٹ رائیڈرز اور لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز شامل ہیں، جبکہ گروپ مختلف لیگز میں مجموعی طور پر نو بڑے ٹائٹلز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






