مولانا فضل الرحمان کا آج ملک بھر میں یوم طوفان اقصیٰ منانے کا اعلان

پشاور (آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج (جمعہ کو ) ملک بھر میں یوم طوفان اقصیٰ منانے کا اعلان کر دیا، 14 اکتوبر پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کو فلسطینی بھائیوں کے حق میں بڑے مظاہرے میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرزمین فلسطین پر آگ بھڑک اٹھی ہے، فلسطینی بچے، بوڑھے خواتین اور عام شہریوں پر بمباری کی جارہی ہے، مکانات، پانی پینے کے ذخائر اور ہسپتالوں پر بمباری کی جا رہی ہے، ہر مسلمان اپنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہو کر ان کے موقف کو تقویت دے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مسلم حکمران اپنے موقف سے ابہام نکال لیں، واضح کریں کہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم حکمران ان کے کھانے پینے اور رہائش کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کر رہا ہے، 75 سال سے عرب زمین پر قابض ہے، فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کو پامال ہوتے ہوئے تماشا دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ و یورپ انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ دے رہے ہیں، آج بعد نماز جمعہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے کئے جائیں، آج کے ان مظاہروں اور اس دن کو “یوم طوفان اقصیٰ” کا نام دیا جاتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوم طوفان اقصیٰ پر قوم باہر نکلے اور فلسطینی بھائیوں کو یقین دلائے کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم ہیں، اگر اجازت ملتی ہے تو مسلم جوان محاذ پر جانے کے لئے بھی تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس اب فلسطینیوں کے حق میں بہت بڑے مظاہرے کی شکل اختیار کرے گی، پہلے سے زیادہ اہتمام سے اس کانفرنس میں شرکت کریں تاکہ ایک مضبوط اور طاقتور پیغام عالمی دنیا کو پہنچ سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں