مصلحت یا جارحیت۔۔ مسلم لیگ (ن)نے آئندہ طرزِ سیاست سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا، لندن بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اس وقت لندن میں موجود ہے۔ لندن میں ہونے والی لیگی قیادت کی بڑی بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

 

 

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن مصلحانہ کے بجائے جارحانہ گروپ کی جیت ہو گئی۔نوازشریف نے ایک بار پھر اپنے سیاسی بیانیے پر نظرِثانی سے انکار کر دیا۔ نوازشریف نے کہا کہ بات میری ذات کی ہوتی تو اور بات تھی ، یہاں بات ملک اور کروڑوں شہریوں کی ہے۔ جنہوں نے ملک کے خلاف سازش میں حصہ ڈالا، سب کو بے نقاب کرنا چاہئیے۔ نوازشریف نے دو ٹوک فیصلہ کیا ہے کہ کڑے احتساب کا بیانیہ لے کر انتخابی میدان میں اتریں گے۔ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کا احتساب کیے بغیر پاکستان کو آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔ ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا۔معاشی تباہی کے ذمہ دار وہی ہیں جنہوں نے 2017 میں ملکی ترقی کے خلاف سازش کی۔ سازشی عناصر کو ہر صورت کٹہرے میں لانا ہوگا،لندن میں موجود رہنماؤں نے کھل کر نوازشریف کے موقف کی حمایت کی۔

 

 

 

شہباز شریف اپنے بھائی کو نرم موقف اختیار کرنے پر قائل نہ کر سکے۔مریم نوازنے بھی نوازشریف کے موقف کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اب ملک کڑے احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا۔76 سال سے جو ہو رہا ہے وہ اب مزید نہیں ہونا چاہئیے۔جب کہ ن لیگ کے اجلاس کے دوران بیانیے اور منشور کے لیے ن لیگ کا کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے تجویز طلب کر لیں،میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 دن کے اندر تحریری طور پرتجاویز نوازشریف کو دی جائیں گی۔ نوازشریف پارٹی رہنماوں کے تحفظات سمیت تمام معاملات براہ راست خود دیکھیں گے ۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئیر ممبر کو اعتراض نہیں ہو گا۔ آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے رائے دی گئی نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہیے۔

 

 

نوازشریف نے کہا کہ ادھر ادھر کے بجائے ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ21 اکتوبر کو عوام اپنے قائد میاں نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، مسلم لیگ (ن )اقتدار میں اکے خوشحالی کا دور واپس لائے گی، ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان اور اس کے ساتھی ہیں ،معاشی تباہی پھیلانے انکا احتساب ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں