9 مئی کے 14مقدمات کی تفتیش مکمل، چیئرمین پی ٹی آئی 10کیسز میں قصوروار قرار

لاہور ( آئی این پی) سانحہ نو مئی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 14مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو دس نامزد مقدمات میں قصور وار قرار دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق نومئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے 14مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی ہے۔ ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مرکزی مقدمہ 96/23کا چالان دو ہزار صفحات پر مشتمل ہے،

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا سے متعلق چار سو سے زائد شواہد ملے، گرفتار ملزمان کے بیانات اور نشاندہی پر چئیرمین کو گنہگار قرار دیا گیا۔جے آئی ٹی حکام کے مطابق جناح ہائوس حملے میں براہ راست ملوث 80ملزمان کے بیانات میں سازش کا عنصر واضح ہوا، نو مئی کے واقعات پر دوران تفتیش براہ راست سازش کے شواہد بھی ملے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بیانات حالات سے متضاد پائے گئے۔جے آئی ٹی کے مطابق دیگر نو مقدمات میں بھی ٹھوس شواہد کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی گنہگار قرار پائے، چودہ مقدمات کا چالان جلد عدالت میں جمع کروادیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں