عمران خان این آر او لینے کیلئے پیغامات بھجوانے لگے، تہلکہ خیز انکشاف

پشاور (پی این آئی) ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان این آر او چاہتے ہیں جس کیلیے پیغامات دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وکلا کے بیانات این آر او کی بھیک ہے، وکلا کے بقول چیئرمین پی ٹی آئی بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سمجھ آگئی ہوگی بشریٰ بی بی کیوں مختلف لوگوں سے ڈیل کیلیے ملاقاتیں کرتی رہیں، کچھ روز قبل نجی ٹی وی پر طاہر اشرفی نے بھی اس بات کا انکشاف کیا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی قریبی شخصیت نے دوست مملک سے ڈیل کیلیے رابطے کیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنے کا اعلان کیا تھا۔عمران خان نے کہا کہ انہیں جیل میں ناجائز ڈالاگیا لیکن اس سب کے باوجود وہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگوکو تیار ہیں۔ اس حوالے سے بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بات چیت کا محور ہوگا کہ 90 دن میں الیکشن کیسے ہوں؟

عمران خان کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کرتے ہیں، انہوں نے کہا اپنے راستے سے نہیں ہٹوں گا جن کے اثاثے باہر ہیں ڈالر بڑھنے کا انہیں فائدہ ہوا،میری سیاسی جہدوجہد اور قربانی قوم کے لیے ہے۔ادھر پی ٹی آئی نے غیر ملکی قانونی فرم کو ہائیر کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے رہنما مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دے دیا۔ رؤف حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے باہر کسی عدالتی فورم سے رجوع کیا اور نہ ہی ارادہ ہے،غیر ملکی قانونی فرم سے متعلق زیرِ گردش اطلاعات میں صداقت نہیں۔ترجمان نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی اقدام کو جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تائید حاصل نہیں۔ پی ٹی آئی نظامِ انصاف سے ہی حقوق و انصاف کی طلب گار ہے،نظامِ عدل سے آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اقدامات کے متقاضی ہیں۔ یاد رہے کہ رہنما مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عالمی عدالتوں میں نمائندگی کیلئے وکیل مقرر کیا گیا،بیرسٹر جیفری رابرٹسن عالمی عدالتوں میں عمران خان کی نمائندگی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں