نگران وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کو بڑی یقین دہانی کرا دی

کراچی(پی این آئی)پیپلز پارٹی کے سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات میں اپنے تحفظات بتادیے، نگراں وزیراعظم نے پی پی وفد کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو نہیں روکا جائے گا۔

کراچی میں بلاول ہاوس میڈیا سیل میں سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نثار کھوڑو نے کہا کہ نگراں وزیراعظم سے ملاقات ہوئی مسائل پر بات کی، اطلاعات ہیں کہ ترقیاتی کاموں کے فنڈز فریز کیے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انوار الحق کاکڑ کو ملاقات میں تبادلوں اور تعیناتیوں سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کو بتایا کہ سندھ کے کئی سینئر افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں کارکنوں کے قتل کے واقعات پر نگراں وزیراعظم کو تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے عثمان ہنگورو نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ لیاری سے ہمارے ایم پی اے علی محمد ہنگورو تھے۔پی پی سینیٹر نے کہا کہ سیاست میں ہمارا شیوہ ہے کہ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، جلد ہی ملک میں عام انتخابات ہونے ہیں، یہ انتخابات کب ہوں کے وہ اعلان کرنے والے کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں