نواز شریف کی وطن واپسی ،(ن) لیگ کاپلان اے اور بی تیار

لندن (پی این آئی)مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی ممکنہ وطن واپسی کیلئے پلان اے اور بی تیار کر لیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم نے پارٹی کی سینئر قیادت اور لیگل ٹیم کو لندن بلا لیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان ممکنہ واپسی کے حوالے سے (ن) لیگ کی ہائی کمان نے پلان اے اور بی تیار کرلیا ہے ۔پلان اے کے مطابق نوازشریف کی وطن واپسی اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہوگی، نوازشریف اسلام آباد پریڈ گرانڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے

اس کے بعد نواز شریف بڑی ریلی کی صورت میں اسلام آباد سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور کیلئے روانہ ہوں گے، یہ ریلی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا نقطہ آغاز بھی ہو گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پلان بی کے تحت نواز شریف کی ممکنہ واپسی لاہور ایئرپورٹ پر ہوسکتی ہے، لاہور ایئرپورٹ سے انہیں ریلی کی صورت میں داتا دربار لے جایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مشاورت کے لئے پارٹی کی سینئر قیادت اور لیگل ٹیم کو لندن طلب کرلیا ہے

ملاقات میں وطن واپسی سمیت دیگر ملکی سیاسی امور ،آئندہ انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لی جائے گی،نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا ٹاسک مریم نواز اور حمزہ شہباز کو سونپا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں