اسلام آباد(پی این آئی)کم عمر گھریلو ملازمہ تشدد کیس میں سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ مرکزی ملزمہ سومیہ عاصم کی 7 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں کم عمر گھریلو ملازمہ تشدد کیس کی سماعت کی ،کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ پیش ہوئیں ۔عدالت نےمرکزی ملزمہ سومیہ عاصم کی 7 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی ۔ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹر عابدہ سجاد نے ضمانت منظور کی۔ یاد رہے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ رضوانہ جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے جس کے لیے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے گئے ہیں۔رضوانہ کے علاج کے لیے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رضوانہ بدستور آکسیجن پر ہے، اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں، بچی کے سر اور کمر کے زخم مسلسل پٹیاں کرنے سے بھر رہے ہیں۔
پروفیسر جودت سلیم نے کہا کہ رضوانہ کے دونوں بازوؤں کو پلاسٹر کر دیا گیا ہے جب کہ فرانزک ٹیم نے رضوانہ کے زخموں کے نمونے حاصل کیے ہیں، فرانزک رپورٹ سےزخم کی نوعیت اورکتنے پرانے ہیں، پتا چل سکےگا۔رضوانہ کو سانس لینے میں مشکلات ہیں، اسے آئی سی یو میں رکھا گیاہے، اس نے آنکھیں کھولنا شروع کی ہیں، اس کی آنکھوں پر خون جما ہوا ہے ، خوراک کی کمی اورصحت کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے بھی رضوانہ کی حالت خراب ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں