اسلام آباد (پی این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 25 جون سے اب تک کی بارشوں سے ملک بھر میں 173 افراد جاں بحق ہوئے۔ این ڈی ایم اے نے حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 32 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 67 جبکہ خیبرپختونخوا سے 47 اور بلوچستان سے 10 اموات رپورٹ ہوئیں۔
ملک بھر میں 25 جون سے اب تک بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 173 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں 21،آزاد کشمیر میں 12،گلگت بلتستان میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، مون سون بارشوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد کی جان لے لی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 260 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 110 مرد، 76 خواتین اور 74 بچے شامل ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں 158 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 1485 گھروں کو نقصان پہنچا، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 475 مویشی بہہ گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں