اسرائیل پاکستان کو نصیحت کرنے سے باز رہے، پاکستان کی طرف سے شدید رد عمل

اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے خلاف بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پاکستان کو انسانی حقوق پر نصیحت نہیں کرسکتا جس کی فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی طویل تاریخ ہے،جنیوا میں اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے 53ویں اجلاس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے رپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی نمائندے نے تنقید کی تھی جس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم ڈھانے والا اسرائیل پاکستان کو انسانی حقوق پر نصیحت نہیں کرسکتا،

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی عالمی رپورٹ کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ متعدد ریاستوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے انسانی حقوق کے فروغ میں پیش رفت پر پاکستان کی تعریف کی،ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کا بیان بنیادی طور پر دیگر ریاستوں کی ایک بڑی اکثریت کے بیانات سے متصادم ہے۔ اسرائیل کی فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی طویل تاریخ کے پیش نظر حقوق انسانی کے تحفظ کے بارے میں پاکستان کو اس کے مشورے یا نصیحت کی ضرورت نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں