اسلام آباد (پی این آئی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہائو میں اضافے سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو تیار رہنے اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کردی۔جمعرات کو یہاں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ کانفرنس کا انعقادکیا گیا جس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔
کانفرنس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی،پنجاب، محکمہ موسمیات پاکستان،فیڈرل فلڈ کمشن، صوبائی ادارہ برائے نکاسی آب(ارسا)، واپڈا (منگلا ڈیم) اور ریسکیو 1122 کے حکام سمیت اہم معاون اور متعلقہ اداوں نے شرکت کی۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بریفنگ میں بتایاکہ حالیہ مون سون بارشوں میں غیر معمولی شدت مکا امکان ہے۔8تا10 جولائی دریائے ستلج، راوی، چناب کے بالائی علاقوں اور جہلم کے چند مقامات پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔دریائے چناب کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے باعث دریائے راوی اور چناب کے نالوں میں بڑے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے،محکمہ موسمیات متعلقہ اداروں کو ہر 3 گھنٹے کے بعد اپ ڈیٹس شیئر کر رہا ہے۔ ریسکیو 1122 اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں امدادی عملے اور مشینری کی دستیابی جیسے ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورت حال کے جائزہ اور خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور فعال اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ فرضی مشقوں اور برووقت حفاظتی اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ فرضی مشقیں ہماری تیاریوں میں کسی بھی قسم کی کمی کوتاہی کی نشاندہی کرنے اورممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاون ثابت ہونگی۔انھوں نے بتایا کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام معاون اداروں اور عوام کو با خبر رکھنے کے لیے بین الاقوامی ماڈلز کو استعمال کرتے ہوئے تمام صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی میں مصروف ہے۔چئیرمین این ڈی ایم اے نے فیڈرل فلڈ کمشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پنجاب اور صوبائی ادارہ برائے نکاسی آب پنجاب کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں رہیں اور نکاسی آب کے علاوہ ڈیموں میں پانی ذخیرہ کے حوالے سے بھی ضروری اقدامات کریں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام میں آگا ہی مہم چلائیں۔ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کی موئثر حکمت عملی تیار رکھیں اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔ ایم ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے ک وہ مون سون اور بارشوں کے حوالے سے باخبر رہیں اور ہنگامی صورتحال کے دوران مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں