لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فادرز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اولاد سے محبت، ان کی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی کرنے والے، خصوصاً بیٹیوں کو اعتماد اور جینے کا حوصلہ دینے والے ہر والد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ باپ سائبان کی مانند خود کڑی دھوپ اور تیز بارش سہہ کر بھی بچوں کو سایہ فراہم کرتا ہے۔ عظیم باپ اولاد کو صرف جینا ہی نہیں بلکہ سر اٹھا کر جینا بھی سکھاتا ہے، جبکہ باپ وہ چراغ ہے جو اولاد کے لیے ہر اندھیرے میں روشنی بنتا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کے والد نواز شریف ان کے رہنما، قائد، استاد اور طاقت ہیں۔ ان کے بقول والد کی گود پہلا مکتب اور ان کا سایہ مضبوط ترین آسرا ہے، جبکہ نواز شریف کی محبت میں گھلی شخصیت ان کی سیاست اور سوچ کا محور ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ والد خودداری سے جینا اور اعتماد کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا سکھاتے ہیں۔ والد کی محبت اور دعائیں ہر لمحہ اولاد کے لیے حصار کا کام کرتی ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ ہر بچے کو ایسا باپ نصیب ہو جو اسے خواب دیکھنے اور ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






