بشریٰ انصاری کیساتھ نوک جھوک کا اختتام کیسے ہوا؟ جنت مرزا نے خاموشی توڑ دی

کراچی (پی این آئی) جنت مرزا نے بشریٰ انصاری سے صلح کی تصدیق کر دی۔ حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ٹک ٹاکر جنت مرزا نے شوبز کیریئر سمیت دیگر امور پر کھل کر بات کی۔جہاں انہوں نے پیشکش ہونے والے پروجیکٹس اور انہیں قبول نہ کرنے کی وجہ بتائی وہیں انہوں نے کچھ عرصہ قبل اداکارہ بشریٰ انصاری اور ایمن خان کے ساتھ پیش آنے والے تنازع پر بھی بات کی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی اور بشریٰ انصاریٰ کی صلح ہوگئی ہے، حال ہی میں ان سے ایک پروگرام میں ملاقات ہوئی جہاں ہم دونوں نے گلے ملکر تمام گلے شکوے دور کرلیے۔ٹک ٹاکر نے کہا کہ میری دو دن پہلے بشریٰ انصاری سے ملاقات ہوئی، میں نے انہیں سلام کیا، پہلے تو وہ چلی گئیں، لیکن وہ دوبارہ میرے پاس آئیں اور مجھے پہچان کر گلے لگایا، انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان جو کچھ ہوا اس کے لیے مجھے افسوس ہے۔جنت مرزا نے بشریٰ انصاری کے بارے میں مزید کہا کہ وہ اتنی اچھی خاتون ہیں، انہوں نے اس بات کو اتنی اچھی طرح سے سنبھالا۔ اب ہم دونوں کے درمیان سب ٹھیک ہے۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں