استحکام پاکستان پارٹی کی مسلم لیگ (ن)کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت ہونے کا امکان؟ نواز شریف سے رابطہ کرلیا گیا

دبئی (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے دبئی میں رابطہ کیا ہے۔نواز شریف کی دبئی میں اہم سیاسی ملاقاتیں جاری ہیں۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے نواز شریف سے رابطے کے دوران پنجاب حکومت کی سیاست پر گفتگو کی۔نواز شریف آئندہ ہفتے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ایک اور ملاقات بھی کریں گے۔نواز شریف آج شیخ زید روڈ کے ہوٹل میں ن لیگ امارات کی قیادت سے بھی اہم ملاقات کریں گے ۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کی ابھی متعدد اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں اور وہ دبئی میں مزید ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی نظام کی بہتری کے لیے صلاح مشورے ہوں گے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے دوست ممالک اور سرمایہ کار پاکستان میں سیاسی استحکام کی خواہش مند ہیں ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے روز نواز شریف نے پیٹرولیم سیکٹر سے وابستہ غیر ملکی وفود سے ملاقات کی، ملاقات میں معاشی نظام کی بہتری کے لیے آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ غیر ملکی وفود سے ہونے والی ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات میں استحکام سے ملکی معیشت میں بہتری لانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی دوست ممالک کی طرف سے معاشی سرگرمی اور سرمایہ کاری پر نواز شریف کے ساتھ تبادلہ خیال جاری ہے۔

 

 

یہاں واضح رہے کہ نواز شریف نے گزشتہ دنوں دبئی میں آصف زرداری، بلاول بھٹو، مریم نواز سمیت دیگر کئی اہم سیاسی رہنماوں سے دبئی میں اہم ملاقاتیں کی تھیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ کئی روز سے دبئی میں قیام پزیر ہیں اور انہوں نے فیملی کے افراد کے ساتھ عید بھی دبئی میں ہی منائی، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی دبئی میں اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں