بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وائرل ویڈیو پر نبیل گبول کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

کراچی(پی این آئی)پیپلزپارٹی کے سینئررہنما نبیل گبول نے گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وائرل ہونے والی اپنی ویڈیو پر بیان جاری کیا ہے۔نبیل گبول کا ویڈیو بیان مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت زیرِ گردش ہے جسے ایک پی پی کارکن کی جانب سے شیئر اور نبیل گبول کی جانب سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔اس وضاحتی ویڈیو بیان میں نبیل گبول نے کہاکہ میں ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا کی زینت بن چکا ہوں

اور مجھے علم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں میرے کتنے چاہنے والے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ میرا ایمان ہے جب آپ کے خلاف دنیا اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور خصوصاً جب آپ کے مخالفین آپ کے خلاف اس قسم کی سازشیں کر کے آپ کی بدنامی کریں اور بے عزتی کریں تو اوپر اللہ کی ذات بیٹھی ہے جو ایسے وقت میں اپنے بندے کی مدد کرتا ہے اور راستہ نکالتا ہے۔ رہنما پی پی نے میئر کراچی مرتضی وہاب کی حلف برداری کی تقریب کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہاکہ تقریب کے دوران چیئرمین بلاول سے میری ملاقات ہوئی اور انہوں نے بہت خوشگوار موڈ میں مجھ سے بات کی تھی

میں نے ان کو لیاری میں ہونے والی 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق بتایا تھا اور اس معاملے میں ذاتی حیثیت میں دلچسپی لینے کا کہا تھا۔نبیل گبول نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ جواب میں چیئرمین پی پی نے یقین دہانی کرائی کہ اِنہیں لیاری کے لوگوں کا احساس اور درد ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے مکمل ویڈیو سوشل میڈیا پر لگائی ہو تو اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو نے وزیر اعلی سے کہا کہ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں

اور میں کل اسلام آباد سے واپس آ کر میٹنگ کرنا چاہوں گا۔ویڈیو بیان میں نبیل گبول نے کہاکہ اتنے میں ڈپٹی میئر آئے تو بلاول کو کھڑا ہونا پڑا جس پر میں نے کہا آپ ناصرف کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں بلکہ سوئی گیس کے ایم ڈی کو بھی بلائیں کیونکہ لیاری میں سوئی گیس نہیں ہے۔نبیل گبول نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد بلاول نے لائٹر موڈ میں کہا یہاں ساری باتیں نہیں ہوں گی

بعد میں تم سے ملوں گا۔نبیل گبول کا وائرل ویڈیو سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں کہاکہ صرف اتنی سی بات تھی لیکن سوشل میڈیا پر غلط باتیں پھیلائی گئیں، اگر میں لیاری کی عوام کے لیے بات کروں اور لوگ سمجھیں کہ میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے۔دوسری جانب نبیل گبول نے اپنے ٹوئٹر پر بلاول بھٹو کے ہمراہ اپنی بات چیت کی مکمل ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں