تحریک انصاف کی ایک ساتھ چار اہم وکٹیں گر گئیں

گوجرانوالہ (پی این آئی) گوجرانوالہ میں 4 پی ٹی آئی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گوجرانوالہ میں چار رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں چوہدری صدیق مہر، علی اشرف مغل، سرفراز مہر اور سردار حق نواز شامل ہیں، پارٹی چھوڑنے والوں میں پی ٹی آئی کے 2 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کےامیدوار تھے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ایک سابق رکن پنجاب اسمبلی مظفر گڑھ سے نیاز خان گشکوری نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں جہانگیر ترین سے مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے نیاز خان گشکوری نے ملاقات کی اور گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

 

 

 

جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر گروپ رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم این اے سید مبین عالم، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عبدالحئی دستی، ترین گروپ کے رہنما اسحاق خاکوانی، نعمان لنگڑیال، عون چوہدری، سعید اکبر نوانی، لالا طاہر رندھاوا، نذیر بلوچ موجود تھے۔اجلاس میں فیصل جبوانہ، امین چوہدری، قاسم لنگاہ، اسلم بھروانہ، اجمل چیمہ، غلام رسول سانگھا بھی موجود تھے۔ جہانگیر ترین نے نیاز خان گشکوری کو اپنے گروپ میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے گروپ رہنماؤں سے پارٹی کے قیام پر حتمی مشاورت کی جبکہ مستقل کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ جہانگیر ترین، جو نئی پارٹی کے بنانے کیلیے سرگرم ہیں، کی جانب سے آئندہ ہفتے اپنی نئی جماعت کے قیام کا اعلان متوقع ہے۔

 

 

 

وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت 70 سے زائد موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی جہانگیر ترین کی ٹیم میں شامل ہونے کے حامی ہیں اور ان ارکان کی سنچری مکمل ہونے کے بعد پارٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں