اسلام آباد(پی این آئی)نگران پنجاب حکومت نے صوبے میں فوری انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کے لیے تاریخ دینے کے معاملے پر نگران پنجاب حکومت کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرادیا۔پنجاب حکومت نے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار سپریم کورٹ کا نہیں
الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار ریاست کے دیگر اداروں کو ہے، 14 مئی کو الیکشن کی تاریخ دے کر اختیارات کے آئینی تقسیم کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 218 کے تحت صاف و شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، اختیارات کی تقسیم کے پیش نظر سپریم کورٹ نے کے پی الیکشن کی تاریخ نہیں دی، الیکشن پروگرام میں تبدیلی کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔
پنجاب حکومت نے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد سول ملٹری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پُرتشدد احتجاج اور مظاہرے ہوئے جن میں 162 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 97 پولیس گاڑیوں کو جلایا گیا، 9 مئی کے واقعہ کے بعد صوبے میں سیکیورٹی حالات تبدیل ہوگئے ہیں۔پنجاب حکومت نے تحریری جواب میں مزید کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کے لیے 5 لاکھ 54 ہزار سیکیورٹی اہل کار درکار ہوں گے اور اس وقت اگر الیکشن ہوئے تو صرف 77 ہزار کی نفری دستیاب ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں