آپ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی، ساٹھ ارب کی کرپشن کے ساتھ خوش آمدید!نواز شریف کا چیف جسٹس اور عمران خان کے درمیان مکالمے پر ردِعمل

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیلئے چیف جسٹس کے اظہار مسرت کے ریمارکس پراپنا ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے عمران خان کودیکھ کر یہ تو کہا کہ آپ سے مل کرخوشی ہوئی، یہ بھی کہہ دیتے کہ آپ قوم کا 60ارب روپے لوٹ کر آئے ہیں آپ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی، ساٹھ ارب کی کرپشن کے ساتھ خوش آمدید! اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہر علامت کو جلا کر راکھ کردیا۔ایسے شخص کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنا ، اسے شاہی مہمان بنا کر رکھنا ، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب! آپ اب عدلیہ ہی نہیں ، آئین و قانون نظام انصاف اور ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔

ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشتگر کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں- آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لئے تیار رہیں۔مریم نواز نے کہا کہ فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا ہے۔ اگر عدالت سے گرفتار کرنا غلط ہے تو کیا ایک مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے؟ شرم آتی ہے اس دہرے معیار پر! یاد رہے صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے غبن اور غبن کرنے والے کی حوصلہ افزائی کی ،60ارب کے کرپشن کیس میں عمران خان کو تحفظ دیا جارہا ہے، سپریم کورٹ مجرم کو تحفظ دے رہی ہے، سپریم کورٹ نے کرپشن کرنے والے کی حوصلہ افزائی کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں