اسلام آباد(پی این آئی)مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ 2017میں ’’سوفٹ کو‘‘کے ذریعے نواز شریف کو نکالا گیا، ’’سوفٹ کو‘‘کے ذریعے پھرعمران خان کو نکالا گیا۔ایک انٹرویو میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ اس وقت ملک کی بقاء کیلئے مفاہمت کی ضرورت ہے، میں پاکستان میں گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کر رہا ہوں، الیکشن سے پہلے 3بنیادی اصول طے کر لیے جائیں، الیکشن سے پہلے رولز آف دی گیم طے کرنے چاہیئں۔مسلم لیگ (ن)کے رہنما نے کہاکہ اداروں کے خلاف بیانات ملکی مفاد
میں نہیں ہیں، یہ سیاسی جنگ ہے پولرائزیشن ہے، سیاسی مسئلہ ہے اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنا چاہیے، حکومت کو بڑے دل سے سوچنا چاہیے، حکومت کو بڑے دل کے ساتھ قدم اٹھانا چاہیے۔سینیٹر مشاہد حسین نے کہاکہ ماضی میں دہشت گردوں سے بات چیت ہوئی تو اپنے لوگوں سے کیوں نہیں،ڈائیلاگ جمہوریت کا تقاضا بھی ہے، اب ہمیں معاف کر کے آگے چلنا ہو گا، انتخابات ہی واحد راستہ ہیں جس سے ملک میں استحکام آئے گا، یہ ویسے بھی الیکشن کا سال ہے ٹائمنگ پر بات ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں