کراچی(پی این آئی) وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی درآمد رواں ماہ شروع ہوجائیگی۔ کراچی چیمبر میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کے ملکی ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں او ر اس برس بھی موسم سرما میں گیس کی قلت کا سامنا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا گیا ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں صارفین کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھی جاسکے،اس سلسلے میں ہماری گورنر سندھ سے بھی بات ہوئی ہے ،تاہم میں گورنر سندھ سے درخواست کروں گا کہ بل ضرور جمع کرائے جائیں۔وزیر پٹرولیم نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے حوالے سے بھی شکایات آئی ہیں، چھوٹی صنعتوں کے بھی بجلی کے نرخوں پر اعتراضات ہیں،کراچی میں انفرا اسٹریکچر نہ ہونے کے باعث بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں،ہماری پاس گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس فراہمی ممکن نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں