ہزاروں پی ٹی آئی کارکنان اُمڈ آئے ، زمان پارک میں پولیس کو پسپائی اختیار کرنا پڑ گئی ، آدھا کلومیٹر پیچھے دھکیل دیا گیا

لاہور (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق زمان پارک میں بدترین آنسو گیس شیلنگ کے باوجود پولیس کو ہی پسپائی اختیار کرنا پڑ گئی، کارکنوں نے شدید لاٹھی چارج، واٹر کینن اور آنسو گیس شیلنگ کے باوجود پولیس کو زمان پارک سے آدھا کلومیٹر دور کینال روڈ پر دھکیل دیا، لاہور بھر سے ہزاروں کارکن زمان پارک امڈ آئے، پولیس خود گھیرے میں آ گئی۔

جبکہ نجی ٹی وی چینلکی رپورٹ کے مطابق بظاہر عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے زمان پارک آپریشن ناکام ہو گیا، پی ٹی آئی چئیرمین کو گرفتار کرنا ناممکن لگ رہا ہے۔ واضح رہے کہ زمان پارک میں صورتحال تاحال کشیدہ ہے، پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے آنسو گیس شیل شہریوں کے گھروں میں جا گرے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق زمان پارک میں پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں پر دوبارہ سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کی گئی ہے، جبکہ مشتعل کارکنوں کی جانب سے بھی ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال گیا ہے۔اس دوران پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے آنسو گیس شیل شہریوں کے گھروں میں جا گرے جس سے کئی شہریوں کی حالت غیر ہو گئی۔جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر زمان پارک میں حالات کشیدہ ہونے پر رینجر ز کو طلب کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ نے بھی رینجرز بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔جیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر زمان پارک میں حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے رینجرز بھیجنے کی درخواست کی، جس پر فاقی وزارت داخلہ نے رینجرز بھیجنے کی منظوری دی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس عمران خان کے گھرزمان پارک گیٹ نمبر ایک سے اندر داخل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز کارروائی کرنے آئے ہیں۔ڈی آئی جی کہہ رہے ہیں وارنٹ لے کر آئے ہیں۔ ڈی آئی جی مجھے وارنٹ گرفتاری دکھائیں۔ میں وارنٹ پڑھوں گا، چئیرمین اور وکلاء سے بات کروں گا۔ لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کیننن کا استعمال بند کیا جائے۔

ظل شاہ کی لاش گر چکی اور لاشیں مت گرائیں۔ تحریک انصاف کوئی خون خرابہ نہیں چاہتی۔ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے نہ لیں گے۔ قانون پر عمل کرنے کیلئے ہم درمیانی راستہ نکالتے ہیں، پولیس کو کہا ہے کہ جو بات کرنی ہے مجھ سے کریں۔کیا یہ لوگ ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں؟ ہم باہمی مشاورت سے ایک راستہ نکالنے کیلئے تیار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بلا جواز، فل الفور بند کیا جائے، ہو سکتا ہے خون خرابے سے بچنے کے لیے عمران خان از خود گرفتاری کے لیے تیار ہو جائیں، عمران خان کو ضمانت ملی ہوئی ہے۔ کیا قیامت ٹوٹ پڑی ہے کہ آج ہی گرفتار کرنا ہے۔ جبکہ عمران خان نے ممکنہ گرفتاری کے بعد پارٹی معاملات کیلئے 6 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ 6 رکنی ایمرجنسی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، سینیٹرسیف اللہ خان نیازی، اعظم سواتی، اعجاز چوہدری، علی امین گنڈا پور اور مراد سعید شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں