ہتک عزت کیس میں طیبہ گل کا موقف درست ہے ،تفتیشی افسر سابقہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کا جواب غیرتسلی بخش جواب قرار

اسلام آباد(آئی این پی ) تفتیشی افسر نے طیبہ گل ہتک عزت کیس میں سابقہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کا جواب غیرتسلی بخش جواب قرار دے دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف طیبہ گل کے ہتک عزت کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی عدالت میں تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے کہا کہ شہزاد سلیم تسلی بخش جواب نہ دے سکے،

لہذا طیبہ گل کا موقف درست ہے جس کی تائید کی جاتی ہے۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ میں کہا کہ طیبہ گل اور سابقہ ڈی جی نیب شہزادسلیم کو انکوائری کے لئے طلب کیاگیا، طیبہ گل نے موقف اختیار کیاکہ 2019 میں نیب نے انہیں گرفتار کیا، عدالت نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا، مگر شہزادسلیم نے سوشل میڈیا اور ٹیلیویژن پر بیٹھ کر ان کی کردار کشی کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ طیبہ گل کے مطابق شہزادسلیم نے ان کے خلاف نازیبا القابات کا اظہار کیا، ان کے بیانات کے باعث انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شہزادسلیم کے مطابق وہ ڈی جی نیب سمیت سرکاری اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور طیبہ گل جھوٹ بول رہی ہیں اور ان کی کردار کشی کر رہی ہیں، وہ اپنے شوہر کے ہمراہ 25 سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں، اور انکوائری میں الفاظ کو توڑ مروڑ کر استعمال کر رہی ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں