آسان اور بلا رکاوٹ امیگریشن، سعودی وزیر داخلہ معاہدے کے لیے جلد پاکستان آئیں گے

اسلام آباد (آئی این پی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کا سعودی عرب کے سفارتخانے کا دورہ،سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی،وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں جبکہ سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،منصوبے کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے سعودی عرب کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے،منصوبے کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی،منصوبے کا جلد بڑے شہروں سے آغاز کیا جائے گا۔وزیر داخلہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں