اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹرز بھی غدار ہیں۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج غداری کیس میں پیشی تھی۔
ابھی تک پولیس چالان پیش نہ کر سکی، چالان پیش کریں تاکہ ہمیں بھی پتہ لگے کہ ہم نے کیا غداری کی ہے، پاکستان میں کچھ ناسمجھ لوگ ہیں جنہیں ہماری تاریخ کا نہیں پتہ، ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے استعفے منظور کر لئے لیکن الیکشن کرانے پر تیار نہیں، سیاسی مخالفین انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، پی ڈی ایم والے کسی مارکیٹ میں کھڑے ہو کر کھانا نہیں کھا سکتے، ان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، احمقانہ پالیسیوں کے نتیجے میں ماضی میں ملک کو بہت نقصان پہنچا۔رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کر دی ہے، الیکشن کے لیے یہ لوگ تیار نہیں ہیں، موجودہ حکومت والے سابق وزیرِ اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اوپر ہم لوگ اربوں روپے خرچ کرتے ہیں، الیکشن کمیشن میں ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ ہم جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بر وقت الیکشن نہیں کروائے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں