خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیاگیا، موٹر سائیکل بھی تلاش کر لی گئی

پشاور(آئی این پی ) آئی جی خیبرپختون خوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیا، دہشتگرد نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیا ہے۔ خیبرروڈ سے پولیس لائن تک آنے والے خودکش بمبار کو فوٹیج میں دیکھا ہے۔ حملہ آور پولیس کی یونیفارم میں تھا۔ دہشتگرد موٹر سائیکل پر آیا تھا اور ہم نے موٹر سائیکل بھی تلاش کر لی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں دیکھے جانے وا لے بندے کی شناخت کی جارہی ہے۔ اس کے بعد خودکش کے سر سے اس کی میچنگ ہوگی۔ اس کے بعد سہولت کاروں کو ڈھونڈا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کیلیے چوبیس گھنٹے درکار ہوتے ہیں، خدا کیلیے پولیس کو تحقیقات کیلیے وقت دیا جائے۔ آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ پشاور لائن میں دھماکہ کرنے والے نیٹ ورک کے نزدیک پہنچ چکے ہیں، ایک ایک شہید کا بدلا لیں گے، مگر افواہیں پھیلانے والے ہمارے دکھ میں اضافہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ایک سائنسدان بنا ہے، کوئی کہتا ہے آئی ای ڈی لگائی گئی، کوئی کہتا ہے یہ ڈرون حملہ تھا، شہادتیں دھماکے سے نہیں۔ چھت گرنے سے ہوئی۔ چھت پچاس سال پرانی اور کھمبوں کے بغیر کھڑی تھی، دھماکہ کو افواہوں اور نفرت پھیلانے کیلیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں