دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، شہادتیں ہوگئیں، افسوسناک خبر

چارسدہ(پی این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ڈھیری زرداد پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ کے مطابق پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 2 پولیس اہلکار دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس و سکیورٹی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور جوابی کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے۔ بیشتر دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا ہے۔ 16 نومبر 2022 کو لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملےمیں اے ایس آئی سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ 14 دسمبر 2022 کو میرانشاہ میں مشتبہ خودکش حملے میں تین افراد جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوئے۔ 18 دسمبر 2022 کو بنوں میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے سینٹر پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو 20 دسمبر تک یرغمال بنائے رکھا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد 24 دہشت گرد مارے گئے۔ 7 سی ٹی ڈی کے اہلکاربھی شہید ہوئے۔ 26 پولیس اور سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ 10 دہشت گردوں نے ہتھیار پھینک کر خود کو حوالے کردیا۔ 20 دسمبر 2022 ڈی آئی خان کے کوٹ کواڑہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں ہیڈ کانسٹیبل شاہ ولی شہید ہوئے۔

30 دسمبر 2022 کو نامعلوم دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے کلاچی کی حدود ٹک واڑہ چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ 2 گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد پولیس کے 5 جوان شدید زخمی ہوئے ۔ یکم جنوری 2023 کو بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ایک سپاہی شہید ہوا۔ 4 جنوری 2023 کو کلاچی کے مڈی روڈ پر پولیو مہم کے دوران نامعلوم افرادکی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ 5 جنوری 2023 کو ڈی آئی خان میں ہی پولیو مہم کے دوران پولیس پارٹی پردہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے7 جوان شدید زخمی ہوئے۔ 9 جنوری 2023 کو بنوں میں پولیس وین تھانہ ٹاؤن شپ حملے میں دو حملہ آور ہلاک ہوئے۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ 17 جنوری 2023 کو ڈی آئی خان کے علاقے پروا ہزارہ پکہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہوا۔ 18 جنوری کو ڈی آئی خان کے علاقہ کھوئی بہارہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے پولیس کی بلٹ پروف گاڑی کو نقصان پہنچا،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 19 جنوری 2023 کو خیبر میں تختہ بیک چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ خودکش حملے سے قبل دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں