شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ لیا تو نمبرز پورے ہوں گے یا نہیں؟ خواجہ آصف نے بتا دیا

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ازخود اعتماد کا ووٹ لینے کا عندیہ دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں آنے دیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے، اعتماد کا ووٹ ضروری نہیں کہ ان کے کہنے پر لیں خود بھی لے سکتے ہیں، ہمارے نمبر اللہ کے فضل سے پورے ہیں، کوئی ہچکچاہٹ والی بات نہیں ہے اور پنجاب اسمبلی توڑنے سے بھی وفاق کو کوئی خطرہ نہیں ہے، صوبے میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تمام اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے آج نام فائنل کر لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، ن لیگ کو نقصان نہیں ہوا، یہ صرف سوشل میڈیا سے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں، حقیقیت میں مسلم لیگ ن دیوار سے نہیں لگے گی، نواز شریف کے پاکستان آنے کی تیاری مکمل ہے، وکلاء جب کہیں گے قانونی تیاری مکمل ہے اور نوازشریف پاکستان آجائیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ نا انصافی نہیں بلکہ سانحہ ہوا ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی سزا نواز شریف کو دی گئی اور عمران خان کے ہاتھ توشہ خانے سے رنگے ہوئے ہیں اور ان پر بے شمار کیسز ہیں، اس لیے عمران خان کے جرائم کی لمبی فہرست ہے۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن نے ناصر کھوسہ سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سے متفقہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب بن جائیں تاہم ناصر کھوسہ نے معذرت کر لی، اس حوالے سے وزیر دفاع اور مسلم لیگ نے سینئر رہنماء خواجہ آصف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے، بحیثیت بیوروکریٹ ان کا کردار قابل فخر ہے، ہم نے ان سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سے متفقہ کیئرٹیکر وزیراعلیٰ کاعہدہ قبول کریں تاہم انہوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معذرت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں