لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان اور وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے منسوب خبرکو گمراہ کن قراردیتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔ نجی ٹی کے مطابق عمران خان نے پرویزالٰہی پراربوں روپے کی کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے نجی ٹی وی کی جانب سے نشر کی جانے والی خبرگمراہ کن اورپراپیگنڈہ مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی فرخ حبیب نے اپنی ٹویٹس میں واضح کیا کہ وہ نجی ٹی وی کی جانب سے جھوٹی افواہ سازی اور منظم پراپیگنڈہ مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف اور وزیراعلی پنجاب سے منسوب اطلاع نہایت بیہودہ، من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔انہوں نے لکھا کہ پے در پے جھوٹی خبروں کے نہ رکنے والے سلسلے کا نہایت غور سے جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کو چیئرمین تحریک انصاف کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے ایسی خبروں پر قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ تراشنے اور بے سرو پا ذرائع کی آڑ میں گمراہ کن افواہ سازی کا سلسلہ ترک نہ کرنے پر بھرپور قانونی کارروائی سے قبلہ درست کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں