سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی بڑی غلطی کا اعتراف کرلیا

لاہور( پی این آئی ) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار اور نوز شریف کی رشتہ داری سے متعلق بات کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ انٹرویو میں نواز شریف اور اسحاق ڈار کی رشتہ داری پر بات کی جس پر افسوس ہے۔انہوں نے قابل اعتراض جملے کی نشان دہی پر شاہد خاقان عباسی اور فواد حسن فواد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار کے خلاف اپنے انٹرویو کا کلپ بھی شئیر کر دیا۔انٹرویو میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار پر اپنے خلاف مہم چلانے کا الزام لگایا تھا۔۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار سے برداشت نہیں ہوتا اور ان سے نہیں دیکھا گیا کوئی اور آدمی وزیر تھا، وہ سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ میں ان کو ہی وزیر ہونا چاہیے تھا۔سوشل میڈیا پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’مجھے پارٹی نے ہٹایا ہے،6 مہینے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میرے خلاف مہم چلائی، ٹی وی پر جا کر کہا ڈالر 160 کا کر دیں گے، میرے خلاف اینکر سے ٹوئٹ کروائی اور پروگرام بھی کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ’اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بننے کا بہت شوق تھا، پارٹی میں میاں صاحب کے رشتے دار بھی ہیں اور لندن میں ان کے ساتھ تھے، تو کہتے تھے میں جاؤں گا ڈالر بھی سستا کردوں گا، پٹرول سستا کر دوں۔

دودھ شہد کی ندیاں بھی آجائیں گی، پھر پارٹی نے یا میاں صاحب نے فیصلہ کیا کہ مفتاح کو ہٹا دو، مجھے اس کا غم نہیں کہ ہٹا دیا لیکن جس طرح سے ہٹایا وہ صیح نہیں تھا۔پارٹی میں گروپ بندی کے سوال پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’گروپ بندی نہیں ہوتی، پارٹی میں اپنے اپنے ذہن کے لوگ ہوتے ہیں لیکن سب لوگ جانتے تھے ڈار صاحب کی ذاتی خواہش ہے، 2017 میں بھی وزیر تھے تو وزرات کے ہوتے ہوئے لندن چلے گئے تھے، تب میں نے ڈالر ڈی ویلو کیا تو انہوں نے ٹی وی پر تنقید کی، پارٹی میں آپس میں بات کر سکتے ہیں لیکن ٹی وی پر نہیں بول سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں