اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے بی بی کی برسی کے موقع پر تماشہ لگایا، فواد چودھری کا بلاول کی تقریر پر رد عمل

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے بی بی کی برسی کے موقع پر تماشہ لگایا، زرداری اور ان کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو ان کے مزارات میں ہی دفن کر دیا۔ منگل کو روزبلاول زرداری کی تقریر ردعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ این آر او ٹو سے استفادے کیلئے زرداری اور اس کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاست سے یکسر لاتعلقی کا اعلان کیا، وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو اندرون سندھ کی چند بستیوں تک محدود، مجرموں کی آماجگاہ بنا دیا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اہل سندھ جھولیاں اٹھا اٹھا کر زرداریوں کے ڈاکو راج سے نجات کی دعا مانگ رہے ہیں، سندھ کے عوام سیلاب کی آفت کا شکار، زرداری کے حواری سندھ کا پیسہ ضمیروں کی منڈیوں میں جھونکتے رہے، بھٹو نے ملک کو جو آئین دیا، زرداری نے جاتی امرا کے چوروں کے ساتھ مل کر اس کے انسانی حقوق کے باب کی دھجیاں اڑوائیں۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار کے حصول کیلئے زرداری اور اس کا فرزند دستور، جمہوریت اور پارلیمان پر کئے جانے والے ہر شرمناک حملے کے سہولت کار بنے، 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں بھی سہولت کار زرداری اور اس کا فرزند ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری کے باعث 8 ماہ پہلے تک ناپید دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری سے صوبوں کو ان کے وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی ذلت آمیز معاونت سے اظہارِ رائے کی آزادیاں مصلوب، عوام سیاسی حقوق سے محروم کئے جارہے ہیں، آٹے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کئی گنا تک کے اضافے کے جرم میں بھی زرداری اور اس کا فرزند ملوث ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ انتخاب سے فرار میں زندگی تلاش کرنے والوں کو عوام کے سامنے کھڑا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں