پی ٹی آئی کیساتھ کتنی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی؟ مونس الٰہی کا بڑا دعویٰ

لاہور ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء مونس الٰہی نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات کر رہے ہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ابھی تک نمبرز پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق بات ہوئی اس کے لئے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔

 

 

2018میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے کچھ لوگ بیٹھے تھے، اس وقت جہانگیر ترین اور علیم خان سمیت دیگر کچھ لوگ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رہے تھے، مجھ سمیت ق لیگ کے کافی لوگوں کو الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، میں نے اپنی گھر کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کا کہا تو جہانگیر ترین غصہ کر گئے، میں نے بحث کی تو نیب سے میرا نوٹس نکل آیا، لیکن اب ہم آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں، اس بار سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات کر رہے ہیں اور کسی طرف سے کوئی دباؤ نہیں، اس لیے اس بار حالات مختلف ہوں گے۔پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد پوری ہے، ہم اعتماد کا ووٹ لینے کو تیار ہیں، اعتماد کا ووٹ کب لیں گے اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہوسکتا ہے کہ 11جنوری سے پہلے اعتما د کا ووٹ لیں، کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورتحال مہں غائب ہوجائے گا۔

 

 

 

مونس الٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنی رائے دی عمران خان کا اپنا فیصلہ تھا، سندھ ہاؤس اور اسلام آباد میں جو منڈی لگی وہ سب کو پتا ہے، ہمارے بندے توڑنے کیلئے منڈی تو ن لیگ نے لگانی ہے، ن لیگ نے جو فیصلہ کیا وہ ان کو الٹا پڑے گا، چیف سیکرٹری کوکس نے راضی کیا کہ وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کردیں؟ اس کی تحقیقات کررہے ہیں، گورنر نے اپنے نجی وکیلوں سے مشورہ کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں