اعتماد کا ووٹ لینے سے پہلے ہی چوہدری پرویزالٰہی کو ق لیگی اراکین نے بڑی یقین دہانی کر ادی

لاہور( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تو وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ووٹ دیں گے، پرویزالٰہی کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی متحد اور یکجان ہے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی اور پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی کی زیرصدارت ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے 10 ارکان نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعلی کو دے دیا ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ دل وجان سے ہیں اور ساتھ دیتے رہیں، گے، مسلم لیگ ق متحد ہے اور متحد رہے گی، افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں اوروہ ناکام ہوں گے۔پارلیمانی پارٹی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ووٹ دیں گے، پرویزالٰہی کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی متحد اور یکجان ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر نئے وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب ہو گا،گورنر پنجاب کے نئے نوٹیفکیشن کے بعد پرویز الٰہی وزیر اعلی نہیں رہیں گے۔پنجاب کے نئے وزیراعلٰی کا فیصلہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کرے گی،ممکنہ طور پر حمزہ شہباز ہی بطور وزیراعلٰی ہمارے امیدوار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کچھ بھی کر لے آئین سے مزاحمت نہیں کر سکتی،مزاحمت جاری رہی تو آرٹیکل 234 کے تحت گورنر وفاق کو گورنر راج کا کہہ سکتے ہیں۔ گورنر کی مرضی ہے جب بھی اعتماد کے ووٹ لینے کا کہہ دیں۔آئین میں لکھا ہے کہ وزیر اعلٰی اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو وہ وزیر اعلٰی نہیں رہیں گے۔ میں اپنی مرضی بیان نہیں کررہا،آئینی بات کررہا ہوں، گورنر جب چاہیں گورنر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں اور وزیراعلٰی اعتماد کا ووٹ نہ لے سکیں تو وہ آفس نہیں سنبھال سکتے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 4 بجے تک گورنر کا بلایا گیا اجلاس منعقد نہیں ہوگا تو وزیراعلٰی کا آفس خالی قرار پائے گا۔کابینہ فوری طور پر تحلیل ہو جائے گی،نئے وزیراعلٰی کے انتخاب تک اختیارات گورنر استعمال کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں