ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظ قرآن آرمی چیف کا تقرر، بڑی مذہبی شخصیت کا خیر مقدم

کراچی (پی این آئی)الحمدللّٰہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظ قرآن آرمی چیف کا تقرر ہورہا ہے، جنرل عاصم منیر صاحب نے مدینہ منورہ میں قرآن کریم حفظ کیا امید ہے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں قرآنی ہدایات کو مدنظر رکھیں گے انکا تقرر گرم جوش خیرمقدم کا مستحق ہے،معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی ۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق معروف عالم دین اور سکالر مفتی تقی عثمانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ الحمدللّٰہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک حافظ قرآن آرمی چیف کا تقرر ہورہا ہے جنرل عاصم منیر صاحب نے مدینہ منورہ میں قرآن کریم حفظ کیا امید ہے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں قرآنی ہدایات کو مدنظر رکھیں گے ان کا تقرر گرم جوش خیرمقدم کا مستحق ہے۔دوسری جانب ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ آج قومی قیادت نے قوم کو متفقہ اور غیر متنازع آرمی چیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیارٹی کی بنیاد پر جو تعیناتی ہوئی اس پر حکومتی اتحاد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تقرری کا فیصلہ سینیارٹی کی بنیاد پر ہوا جو خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اور خوش آئند بات ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت بھی نام پر متفق ہے۔حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ تقرری سے متعلق فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہونا بھی خوش آئند ہے۔ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان نااہل اور نالائق ہیں۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے تمام اداروں کو متنازع بنایا، ان کی وجہ سے پورا ملک ہیجان میں مبتلا ہے، عمران خان ملک میں افراتفری چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے خطرہ ہے۔ان کی سیاست پاکستان کی وجہ سے، پاکستان عمران خان کی وجہ سے نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو آئین اور قانون کو فالو کرنا ہوگا۔ اسی طرح عوامی مسلم لیگ کے سربرا ہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف پاکستان کی تاریخ کے ایک مختلف آرمی چیف ہوں گے،فوج ایک نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہورہی ہے،آپ دیکھیں گے کہ جنرل عاصم منیر فوج کو سیاست سے دور کرکے دکھائیں گے،سب چیزیں خوش اسلوبی سے طے ہوگئی ہیں۔انہوں نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے آنے والے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی دونوں میرے شہر سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں تعیناتیوں پر مبارکباد دیتا ہوں، سب چیزیں خوش اسلوبی سے طے ہوگئی ہیں اب قوم اب الیکشن کی تیاری کرے،آپ دیکھیں گے کہ جنرل عاصم منیر فوج کو سیاست سے دور کرکے دکھائیں گے، یہی صورتحال چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ہے، فوج ایک نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہورہی ہے۔

 

 

 

 

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی سیاست بھی آج سے مثبت پٹری پر چڑھ گئی ہے۔یہ جتنے اپنے آپ کو فلاسفر اور انٹرنیشنل ارسطو سمجھتے تھے ان کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔عمران خان کا پنڈی میں ایک تاریخی جلسہ ہوگا میں خود اس جلوس کی لال حویلی سے قیادت کر کے جاؤں گا اور کل تین بجے پریس کانفرنس کروں گا۔ میرا نہیں خیال کہ عمران خان دھرنا دیں گے کیونکہ کرکٹ کا میچ ہورہا ہے، بس لانگ مارچ اور جلسے تک بات رہے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ میں شروع سے کہہ رہا تھا کہ نومبر کا آخری ہفتہ پاکستان کی سیاست کیلئے اہم ہے، یہ سب فوج اور جمہوریت کیلئے بہتر ہوگیا ہے اب آپ اچھی خبریں سنیں گے۔میں نہایت ذمہ داری سے کہہ رہاہوں کہ قبل از وقت انتخابات ہوں گے، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف پاکستان کی تاریخ کے ایک مختلف آرمی چیف ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں