عمران خان سے توشہ خانہ کے تحائف خریدنے والے شخص عمر فاروق کے دعوئوں پر شہزاد اکبر کا ردِ عمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت کی جانب سے سعودی ولی عہد کی طرف سے تحفے میں دی گئی گھڑی خریدنے کا دعویٰ کیے جانے پر سابق مشیر داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر بھی میدان میں آگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عمر فاروق ظہور سے نہ تو کبھی ملے ہیں اور نہ ہی ان سے کبھی رابطہ ہوا ہے۔

اپنے ردِ عمل میں شہزاد اکبر نے کہا ” صد افسوس کہ عمران خان کے خلاف ایک ایسے شخص کو استعمال کر رہے ہیں جس کی اپنی شہریت ناروے نے اس کے جرائم کی وجہ سے منسوخ کر رکھی ہے ، جو انٹرپول کو مطلوب ہے مختلف ممالک میں فراڈ کر چکا ہےاور جس نے اپنی بیٹیوں کو جعلی کاغذات بنا کے دبئی سمگل کیا ہوا ہے۔” سابق مشیر داخلہ نے مزید کہا “اطلاعاً عرض ہے اس شخص سے میں کبھی نہیں ملا اور نہ بات کی۔”خیال رہے کہ عمر فاروق ظہور نے دعویٰ کیا تھا کہ سنہ 2019 میں شہزاد اکبر نے ان سے رابطہ کیا اور تحائف فروخت کرنے کی بات کی جس کے بعد بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی ان کے پاس آئیں اور محمد بن سلمان کی طرف سے دیا گیا گھڑی سیٹ 2ملین ڈالر زمیں فروخت کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں