پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا معجزہ چیف جسٹس آف پاکستان نےحکومتی وکیل کو سپریم کورٹ کے باہر بڑی سکرین لگانے کی پیشکش کردی

اسلام آباد(پی این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا واقعی ایک قومی معجزہ ہے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی خصوصی بنچ نے نیب قانون میں حالیہ ترامیم کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل پر پہنچنے کا تذکرہ ہوا۔حکومتی وکیل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک معجزے کے تحت سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا ہاں جی کل کتنے بجے میچ ہے؟

اگر آپ کہیں تو ہم آپ کیلئے سپریم کورٹ کے باہر میچ دیکھنے کیلئے اسکرین لگوا دیتے ہیں، امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کوئی اچھی خبر سامنے آئے گی۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنا واقعی ایک قومی معجزہ ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے وکیل سے کہا کہ اگر آپ کو برا نہ لگے تو آپ دلائل دیجیے گا ہم میچ دیکھیں گے۔یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان کا ریکارڈ نیوزی لینڈ سے کافی بہتر ہے۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 17میچ جیتے جبکہ 11میں گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 201 جبکہ کم ترین اسکور 101 ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری میچ گزشتہ ماہ ورلڈ کپ سے پہلے سہ ملکی سیریز میں کھیلا گیا تھا۔سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5وکٹ سے شکست دی تھی، اس میچ میں محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا جو اب بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں