پیپلزپارٹی رہنما نے عمران خان کو بھارت و اسرائیل کا ایجنٹ قرار دیدیا

کراچی(آئی این پی) صوبائی وزیر شرجیل میمن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھارتی و اسرائیلی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیرونی سازش کی بات کرتے ہیں مگر وہ خود بیرونی سازش کا حصہ بن کر ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن نے سندھ اسیمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہا ہے، سب سے زیادہ تسبیح پڑھتا ہے اور سب سے زیادہ جھوٹ بولتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پاکستان کی ترقی کے لیے کوئی پلان نہیں، یہ بھارت اور اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے، یہ شخص ملک میں خون خرابا کروانا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکے۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس فراڈیہ شخص کو فرشتہ بنا کر پیش کر رہے ہیں، ان لوگوں کے لیے تاریخ سے کچھ چیزیں سامنے لائے ہیں، یہ کوئی نئی چیز نہیں لیکن تاریخ کا حصہ ہیں، عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے کئی سال پہلے پاکستان کی نامور اور قدآور شخصیات نے اس شخص کے بارے میں قوم کو بتادیا تھا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کے لئے خاص انسان بنایا جا رہا ہے اور انہیں وزارت عظمی کے منصب کے لیے ابھارا جا رہا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والے ٹیسٹ ٹیوب بے بی نے ہمیشہ غیر آئینی قوتوں کا ساتھ دیا، نامور صحافی ارشد شریف شہید ہوئے جس پر پوری قوم غمگین ہے لیکن اس بہیمانہ قتل کو سیاسی رنگ دے کر اپنے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف نے اپنے پروگرام میں عمران خان کو ایکسپوز کیا تھا کہ پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے ہیوی فنڈنگ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کنٹینر پر گزشتہ پانچ دن کی تقاریر میں اسلامی ٹچ اور بیرونی سازش کا ذکر ہے، بیرونی سازش اور سائفر کا پول کھل گیا، جو کہ عمران خان نے خود کو بچانے کے لیے سائفر کا جھوٹا سازشی بیانیہ بنایا۔صوبائی وزیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیرونی سازش کے معاملے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اصل بیرونی سازش سب کے سامنے ہے، جس کے تانے بانے بھارت اور اسرائیل سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر اسٹیج پر بیٹھ کر امریکہ کو گالیاں دیتا ہے لیکن جب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر کے واپس آیا تو اس نے کہا کہ انہیں کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی امریکا کا دورہ کر ہوئی ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا ک امریکہ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کیں، امربالمعروف کی باتیں کرنے والے عمران خان نے لندن کے الیکشن میں پاکستانی نژاد مسلمان کے مقابلے میں اسرائیلی نژاد اپنے سابق سالے زیک کولڈ سمتھ کی حمایت میں الیکشن مہم چلائی اور ان کی مہم کے لیے 5000 پائونڈ کی رقم دی۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے نیب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نے نیب کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا۔ پرویز خٹک اور محمود خان جیسے لوگوں کے کیسزختم کئے گئے۔انہوں نے بی آر ٹی کے معاملے پر تبصرہ کیا کہ عمران خان کے دور میں پشاور بی آر ٹی میں سات ارب روپے کی کک بیکس لی گئی، یہ ان کی اپنی وزیر اعلی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ ہے۔، اس پر پرویز خٹک کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں ترقی دی کر وزیردفاع بنادیا گیا۔شرجیل میمن نے سوال کیا کہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں علیمہ خان کو کیوں شامل کیا گیا، اس لئے کہ گھر کی بات گھر میں رہے، شوکت خانم اسپتال کے بورڈ میں گھر کے لوگوں کو شامل کیا گیا، باقی جو دوسرے تھے ان کو آگے چل کر وفاقی حکومت میں صحت کا وزیر لگایا گیا اور دوسرے عہدوں پر لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں گھروں میں سلائی مشینیں ہیں لیکن کسی نے سلائی مشین سے اربوں روپے نہیں کمائے، لیکن علیمہ خان نے سلائی مشینوں کی کمائی سے بیرون ملک 2 ارب کی جائیدادیں بنائی۔وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو یہ سب کچھ کرنے کے باوجود کچھ نہیں ہوا، یہ جیل نہیں گئے، ان کو لتر نہیں پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close