پی ڈی ایم حکومت کا جے یو آئی کو اہم ترین عہدہ دینے کا فیصلہ

پشاور ( پی این آئی ) حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں نے گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں میں خیبرپختونخوا کی گورنر شپ کے معاملے پر اتفاق ہوگیا ہے اور حکومتی اتحاد نے یہ عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، کے پی میں جے یو آئی (ف) کے حاجی غلام علی گورنر بننے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے کی گورنر شپ کی خواہشمند عوام نیشنل پارٹی اپنے مطالبے سے دستبرداری پر رضامند ہوچکی ہے، پی ڈی ایم کے صدر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا اور گورنر شپ جے یو آئی کو دینے کے لیے آصف علی زرداری اور اسفند یار ولی کو رضامند کیا۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کو کے پی کی گورنر شپ کے معاہدے سے دستبرداری کے بدلے میں مرکز میں اہم عہدہ دیا جائے گا، اے این پی اسی عہدے کی یقین دہانی پر اپنے اہم مطالبے سے دستبردار ہوئی۔ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ خیبرپختونخوا کی گورنر شپ عوامی نیشنل پارٹی جب کہ مسلم لیگ ن جمعیت علماء اسلام ف کو یہ عہدہ دینے کی حامی تھی تاہم جے یو آئی کے اصرار پر پی پی پی نے جے یو آئی سے خیبرپختونخوا کی گورنر شپ کے بدلے مرکز میں قربانی دینے کا مطالبہ کیا اور اسے وفاقی وزارت چھوڑنے کا کہا جس پر اے این پی کو وفاقی کابینہ نمائندگی دی جائے گی۔ بتاتے چلیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے پر گورنر خیبرپختونخوا کے مستعفی ہونے کے بعد اپریل سے یہ عہدہ خالی ہے، کیوں کہ پی ٹی آئی کے شاہ فرمان نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ہونے کے بعد 11 اپریل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں