عمران خان نے صدف نعیم کے اہلخانہ کو کیا یقین دہانی کروا دی؟ بڑی خبر

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خاتون صحافی صدف نعیم کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی، چیئرمین پی ٹی آئی کی مرحومہ کے گھر والوں سے گفتگو اور بیٹی کے سر پر دستِ شفقت رکھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لانگ مارچ میں جاں بحق صحافی صدف نعیم کے گھر گئے۔

جس کے لیےعمران خان زمان پارک سے روانہ ہوئے اور اچھرہ میں شہید خاتون صحافی صدف نعیم کے گھر تعزیت کے لئے پہنچے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کی گئی۔اس موقع پر خاتون صحافی صدف نعیم کے اہل خانہ کے ساتھ گفتگو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ لوگ فکر نہ کریں ہم سے جو ہوسکا ہم انشاءاللہ آپ کے لیے کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صدف نعیم کے لواحقین کیلئے امداد بڑھا کر 50 لاکھ کر دی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حادثے میں صدف نعیم کی شہادت کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے اور المناک واقعہ پر ہر دل دکھی ہے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے ساتھی کیمرہ مین نے اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حادثے کا سن کر کنٹینر سے نیچے اتر آئے اور جب انہوں نے صدف کو دیکھا تو اپنی ذاتی چادر ان پر ڈال دی، اس وقت ان کی آنکھوں میں نمی تھی اور وہ کہہ رہے تھے کہ یہ کیا ہو گیا ہے، یہ کیا ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں