دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے 21 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد

لاہور (پی این آئی) لاہور میں علامہ اقبال پر ائر پورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے کارروائی کے دوران ایک مسافر کے قبضے سے ساڑھے 21 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کر لی ہے جو لاہور سے دبئی اسمگل کی جا رہی تھی۔ لاہور ائر پورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے 21 کلو 530 گرام آئس ہیروئن برآمد کی ہے۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق دبئی جانے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پر پہنچنے والے ایک مسافر محمد رمضان نے مذکورہ ہیروئن ٹرالی بیگ کی تہہ میں چھپا رکھی تھی۔

ائر پورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ گرفتار کیے گئے ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں نئے انکشافات کی توقع ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں