اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو 1122 کا دائرہ کار 86تحصیلوں میں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، چودھری پرویز الہٰی نے رواں برس صوبے کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو 1122 کو توسیع دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ رواں برس پنجاب کی مزید 86 تحصیلوں میں ایمرجنسی سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، حکومت پنجاب ایمرجنسی سروس کی توسیع پنجاب کی تمام تحصیلوں تک کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سےجاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔انہوں نے کہا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر ومرمت کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے اور میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سانپ کے کاٹنیاور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں خشک
راشن تقسیم کیا جائے اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں