شاہ محمود قریشی پنجاب کی سیاست پر پھر سامنے آگئے ،پارٹی سے متعلق واضح بیان جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کی رپورٹس کو یکسر مسترد کردیا ہے،حمزہ شہباز اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب نہیں ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے یہ ‘جعلی خبرپھیلائی۔انہوںنے کہاکہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ ملتان میں اپنے بیٹے کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور لاہور نہیں گئے تھے جہاں اتوار کے روز آصف زرداری موجود تھے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیٹے کی انتخابی مہم کے دوران اپنی پارٹی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں میرے خلاف میری اپنی پارٹی نے سازش کی اور مجھے پی پی 217سے الیکشن ہروایا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے پی پی217سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر اور زین قریشی کی انتخابی مہم کے دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018کے الیکشن میں میرے خلاف میری اپنی پارٹی نے سازش کی اور مجھے پی پی 217 سے الیکشن ہروایا۔سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ خان کو بھی کہا کہ اگر میں یہاں سے ایم پی اے ہوتا تو آج پنجاب کی یہ کیفیت نہ ہوتی۔

علاوہ ازیں پی پی 217 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں یونین کونسل 48‘ 45‘46 میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت نے معیشت کابیڑا غرق کردیا ہے۔ غریب عوام‘محنت کش‘ سرمایہ دار‘ صنعت کار‘ کاشتکار‘ تاجر‘ سرکاری ونجی ملازم‘ الغرض ہر طبقہ زندگی حکومت سے نالاں ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں یہ لوگ ملک کا نقصان کررہے ہیں۔ ان کے کسی وعدے کا اعتبار نہیں۔ عوام ان سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام چاہتے ہیں امپورٹڈ حکمرانوں سے جان چھڑوائی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں