پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے سر پر نااہلی کی تلوار، خواجہ آصف نے وارننگ دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کی بڑی تعداد پارٹی قیادت کے قابو میں نہیں ہے۔انہوں نےنجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی استعفے نہیں دینا چاہتے اور 2014ء والا ڈرامہ کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ رینگتے ہوئے گھنٹوں کے بل اسمبلی واپس آئیں گے۔اگر یہ تصدیق نہیں کرائیں گے تو نااہل ہو جائیں گے۔

 

جب نوٹسز چلے گئے تو پھر استعفے بھی منظوری کر لیے جائیں۔اس لیے یہ انکار کر رہے ہیں کہ ہمیں نوٹسز نہیں ملے۔جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کی تردید کردی ۔انہوں نے قومی اسمبلی میں واپسی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے اسمبلیوں میں واپسی کے فیصلے سے متعلق خبر حسب معمول خواہش پر مبنی ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے لکھا کہ کور کمیٹی یا سینئر لیڈرشپ کا فیصلہ یہ ہے کہ نئے انتخابات ہونے چاہئیں اور لوگوں کو حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ اپنی حکومت منتخب کر سکیں۔خیال رہے کہ جنگ اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کا امکان ہے کیوں کہ اسد عمر ، شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری اور پرویز خٹک اسمبلی میں واپسی کے خواہشمند ہیں ، کور کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی میں واپسی کی تجویز پر مشاورت کی گئی ، کور کمیٹی اجلاس میں اراکین نے کہا کہ اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو سوا سال تک اسمبلی کے باہر نہیں بیٹھا جا سکتا جس پر عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ سینئر قیادت سے مشروط کر دیا ۔

 

رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو تحریک انصاف کی پنجاب کی قیادت نے مایوس کیا ، پنجاب بڑا صوبہ ہے جہاں تحریک انصاف کہ اکثریت موجود ہے ، اکثریت کے باوجود پنجاب سے جتنا زیادہ ردِعمل آنا چاہئیے تھا وہ نہیں آیا ، شفقت محمود، فواد چوہدری اور دیگر کارکنوں کو نکالنے میں ناکام رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں