اسلام آباد (آئی این پی) ایس ایس پی ٹریفک سید مصطفی تنویر نے کہا کہ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،رواں سال بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے 34,528موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی جب کہ متعدد موٹرسائیکل مختلف تھانہ جات میں بند کئے گئے،کارروائی کا مقصد قیمتی جانوں کا تحفظ اور روڈڈسپلن قائم کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کررکھا ہے،
رواں سال کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے34,528 موٹرسائیکل سواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جبکہ متعدد موٹرسائیکل مختلف تھانہ جات میں بند کئے گئے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے مختلف سرگرمیوں کے دوران ہزاروں شہریوں کو روڈسیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ایس ایس پی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائیں،
موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرورکریں یہ آپ کی قانونی ذمہ داری اور تحفظ بھی ہے، ہماری اولین ترجیح شہریوں کی تحفظ اور قانون پر عمل درآمد کرانا ہے، ایس ایس پی ٹریفک نے مزید کہاکہ والدین کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں