اسلام آباد ڈی چوک سیل کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے دیگر صوبوں سے پولیس ایف سی اور رینجرز طلب کرلی اور کنٹینر لگا کر ڈی چوک کو سیل کردیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، وفاقی حکومت نے بھی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے ہر پہلو سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتشار پھیلانے والے لانگ مارچ کے شرکاء سے سختی سے پیش آیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت نے دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور رینجرز بھی طلب کی گئی،دیگر صوبوں سے بلائی گئی نفری پہنچنا شروع ہو گئی آپریشنل پولیس کوقیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان فراہم کر دیا گیا،

پولیس نے لانگ مارچ کی راہ روکنے کے لیے ڈی چوک کو سیل کردیا ہے اور وہاں کنٹینر لگاکر آنے جانے کا راستہ بھی بند کردیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کی تجویز بھی دی گئی جس کے بعد حکومت اور اتحادیوں کے درمیان پی ٹی آئی کو قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کرکے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد پی ٹی آئی کو سری نگر ہائی وے تک ہی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں میں طے پایا ہے کہ پی ٹی آئی سری نگر ہائی وے پر اگر پرامن مارچ کرے گی تو اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی،

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں